Time 05 فروری ، 2025
پاکستان

ہم بائے چوائس پاکستانی ہیں،کشمیر تکیمل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے: وزیراعظم آزادکشمیر

ہم بائے چوائس پاکستانی ہیں،کشمیر تکیمل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے: وزیراعظم آزادکشمیر
حکومت پیٹ پرپتھرباندھ کرسستی بجلی اور آٹا فراہم کررہی ہے، مودی کے بڑے بھی اس ریٹ پر مقبوضہ کشمیر میں بجلی فراہم نہیں کرسکتے: چوہدری انوار الحق/ فائل فوٹو 

مظفر آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نےکہا ہےکہ  مقبوضہ کشمیرکےلیے پاکستان کی حمایت میں کمی آئی نہ آئے گی۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم آزاد کشمیر نےکہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لیے  پاکستان کی حمایت میں کمی آئی نہ آئےگی، ہم سب بائے چوائس پاکستانی ہیں،کشمیر تکیمل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، اس مشن کو پورا کرنا ہماری ترجیح ہے۔

چوہدری انوار الحق نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے آزاد کشمیر کے مسائل کوحل کرنے کے لیے اہمیت دی، پاکستانی قیادت، خصوصاً وزیراعظم اور مسلح افواج کی بہترین پالیسیوں سےکشمیرکا تحفظ ممکن ہے۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر نےکہا کہ  حکومت پیٹ پرپتھرباندھ کرسستی بجلی اور آٹا فراہم کر رہی ہے، مودی کے بڑے بھی اس ریٹ پر مقبوضہ کشمیر میں بجلی فراہم نہیں کرسکتے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور وہاں ایک  کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مسلط کیا گیا ہے۔

چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ کشمیری پاکستانی حکومت اور عوام سے صرف سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت چاہتے ہیں، اپنی آزادی کی جنگ کشمیری عوام خود لڑیں گے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق عسکری جدوجہد کرنا کشمیری عوام کا حق ہے۔ 

مزید خبریں :