18 فروری ، 2022
برطانیہ میں 3 دہائیوں میں آنے والا بدترین سمندری طوفان یونس کارن وال کے ساحل سے ٹکرا گیا۔
رپورٹس کے مطابق طوفانی ہواؤں کے سبب کارن وال میں سیکڑوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے اور ہزاروں افراد گھروں میں محصور ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طوفان کے ٹکرانے کے بعد 122 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور اس کے باعث کئی عمارتوں اور مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹس کے مطابق طوفانی ہواؤں کے باعث کئی مقامات پر درخت اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے جس میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد گاڑیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
اس کے علاوہ کئی پلوں کو بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے جبکہ درجنوں فلائٹس بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
طوفان کے باعث ویلز میں ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ کارن وال، ڈیون، سومرسٹ، برسٹل میں اسکول بھی بند کردیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے طوفان کے باعث انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز کیلئےسیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے جبکہ شمالی انگلینڈ میں برفباری کی یلو وارننگ جاری کی ہے۔
اُدھر ریسکیوآپریشن کیلئے فوج کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔