Time 21 فروری ، 2022
پاکستان

جناح اسپتال کراچی میں برقع پوش نوجوان کا خنجر سے حملہ، 2 ڈاکٹر زخمی ہوگئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کے جناح اسپتال میں خنجر لے کر آنے والے ایک برقع پوش نوجوان نے حملہ کرکے دو ڈاکٹروں کو لہولہان کردیا۔

 اسپتال ذرائع کے مطابق اتوار کی شب جناح اسپتال کے جنرل سرجیکل وارڈ نمبر 3 میں ایک برقع پوش نوجوان گھس گیا، جس کا مبینہ طور پر ڈاکٹروں سے جھگڑا ہوا، اس دوران ملزم نے اپنے پاس موجود خنجر سے ڈاکٹروں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو ینگ ڈاکٹر زخمی ہوئے۔

 شور مچانے پر لوگ جمع ہو گئے جنہوں نے برقع پوش نوجوان کو پکڑ لیا، فوری طور پر پولیس طلب کی گئی اور ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

 واقعے کے بعد  ڈاکٹر جمع ہو گئے، انہوں نے اس حملے کی مذمت کی اور سکیورٹی فراہم کرنےکا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس واقعے کا مقدمہ فوری درج کرنےکا مطالبہ کیا۔

 اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ڈاکٹر کو جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں منتقل کیا گیا جہاں ان کی مرہم پٹی کے بعد میڈیکولیگل سیکشن نے ایم ایل رپورٹ درج کرلی۔

 واقعے کے حوالے سے کراچی کے صدر تھانےکی پولیس کارروائی کر رہی ہے، رپورٹ کے مطابق ملزم مبینہ طور پر اسی وارڈ میں کام کرنے والی ایک لیڈی ڈاکٹرکو قتل کرنےکی غرض سے آیا تھا۔

مزید خبریں :