27 فروری ، 2022
وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔
قانونی نوٹس ریحام خان کی کتاب میں مرادسعید سے متعلق الزامات پردیاگیا جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کے شائع کردہ مسودے کا حوالہ دے کر تہمت لگائی گئی ہے، مسودے کا حوالہ دےکر وزارت مواصلات کی کارکردگی کو متنازع بنایاگیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مسودے سے مراد سعید کی ہتک اور وزارت سے منسلک اہلکاروں کی حوصلہ شکنی ہوئی، آپ کی تحریر کے ذریعے بہتان تراشی اور غلیظ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، آپ کےنام سے پہلےایک مسودہ لیک ہوا جس کی آج تک آپ نے تردید نہیں کی۔
نوٹس کے ساتھ مختلف ٹی وی پروگراموں کی ویڈیوز اور سوشل میڈیا پوسٹس بھی منسلک کی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ ان تمام بہتانوں میں آپ کی تحریرکاحوالہ ہے، آپ اسے ری ٹوئٹ بھی کرتی رہی ہیں۔
نوٹس کے مطابق 14 دن میں اپنی تحریرکی وضاحت کرکے معافی مانگیں بصورت دیگر قانونی کارروائی کیلئے تیار ہوجائیں، وضاحت اور معافی نہ مانگنے پر عدالت سے سخت سزااور ایک ارب ہرجانے کی استدعا کی جائے گی۔