Time 07 مارچ ، 2022
پاکستان

گڈانی شپ بریکنگ یارڈ،کیمیکل سے بھرے جہاز میں آگ بھڑک اٹھی، 3 مزدور زخمی ہوگئے

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں خطرناک کیمیائی مواد سے بھرے بحری جہاز کی کٹائی کے دوران آگ بھڑک اٹھی ،آگ سے جھلس کر تین مزدور شدید زخمی ہو گئے۔

خیال رہے کہ یہ جہاز گزشتہ سال غیر قانونی طور پر پاکستان لایا گیا تھا اور جیو نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد اس کے خلاف تحقیقات جاری تھیں۔

 تشویش کی بات یہ ہےکہ تحقیقات کا نتیجہ  آنے سے پہلے ہی محکمہ  ماحولیات بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل نے جہاز پرکام کا این او سی جاری کردیا جو حادثے کا باعث بن گیا۔

ذرائع کے مطابق اس بحری جہاز کو بھارت اور بنگلا دیش نے داخلے کی اجازت نہیں دی تھی ، جب کہ انٹر پول نے بھی جہاز میں 15سو ٹن انتہائی خطرناک کیمیائی مواد کی موجودگی سے    پاکستان کو آگاہ کیا تھا لیکن مبینہ طور پر متعلقہ اداروں کی ملی بھگت اور غلط بیانی کے ذریعے اس جہازکو گڈانی لایا گیا۔

 جیو نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد بلوچستان حکومت نے بحری جہاز کو تحویل میں لے لیا تھا۔

 ڈائریکٹر جنرل پورٹ اینڈ شپنگ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم نے بحری جہاز کو پاکستان لائے جانے کی تحقیقاتی رپورٹ حکومت پاکستان کو پیش کردی ہے تاہم اس بحری جہاز کو پاکستان لانے والی پارٹی اس قدر طاقتور ہےکہ اس نے پابندی کے باوجود اور تحقیقات کا نتیجہ سامنے آنے سے پہلے ہی جہاز کی کٹائی کا کام ایک بار پھر شروع کرادیا۔

 قانون کے تحت صوبہ بلوچستان کے چار محکموں ،بی ڈی اے ، ای پی اے ،ایڈمنسٹریشن اور لیبر ڈپارٹمنٹ کے جوائنٹ انسپکشن کے بغیر کسی بھی جہاز کو اسکریپ کرنے کا این او سی جاری نہیں کیا جاسکتا لیکن حیرت انگیز طور ڈائریکٹر جنرل محکمہ ماحولیات بلوچستان  ابراہیم بلوچ نے   اپنے طور پر جہاز  پرکولڈ ورک کا این او سی جاری کردیا ۔

رپورٹ کے مطابق جہاز کی کٹائی کاکام کئی دنوں سے جاری تھا لیکن پیر کو جہاز پر ہوئے حادثے میں تین مزدور زخمی ہوگئے تو بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کام رکوادیا جب کہ محکمہ ماحولیات نے مالک پر تین لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ 

مزید خبریں :