09 مارچ ، 2022
جہانگیر ترین گروپ کے رکن سردار خرم لغاری نے مائنس عثمان بزدار کا اپنے گروپ کا مطالبہ مسترد کردیا۔
اپنے ویڈیو بیان میں خرم لغاری کا کہنا تھا کہ مائنس بزدار کا فیصلہ کسی ایک فرد کا تو ہوسکتا ہے سب کا نہیں۔
خرم لغاری نے مزید کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ کھڑے ہیں، عثمان بزدار کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
خرم لغاری 2018 میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور پارٹی سے اختلافات کی وجہ سے دیگر ارکان پنجاب اسمبلی کی طرح جہانگیر ترین گروپ میں شامل ہوگئے تھے۔
گزشتہ دنوں رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان نے بھی اپنے ہم خیال ارکان پنجاب اسمبلی کے ساتھ ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا اور ترین گروپ کا سب سے پہلا مطالبہ پنجاب میں طرز حکمرانی کی تبدیلی یعنی عثمان بزدار کو وزارت عظمیٰ سے ہٹانا ہے۔