Time 15 مارچ ، 2022
پاکستان

لانگ مارچ میں ن لیگ کے قافلےکی قیادت مریم نواز کریں: مولانا کا ن لیگ کو مشورہ

لانگ مارچ کےحوالے سے مولانافضل الرحمان نے ن لیگ کی قیادت کو اہم تجاویز دے دیں۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے ن لیگ کو مشورہ دیا ہے کہ لانگ مارچ کے حوالے سے ن لیگ کے قافلےکی قیادت مریم نواز کریں، مریم نواز اور حمزہ شہباز شرکاء کی قیادت کرتے ہوئے لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد پہنچیں۔

پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے قائد مولانا فضل الرحمان نے ن لیگ کو تجویز دی کہ کارکنوں میں جوش و ولولہ بڑھانے کیلئے مریم نواز ن لیگ کے لانگ مارچ کی قیادت کریں ۔

ذرائع کے مطابق مولانا نے یہ مشورہ بھی دیا کہ ن لیگ جنوبی پنجاب کےکارکنان کو لاہور میں جمع ہونےکی کال دے جہاں سے مریم نواز اور  حمزہ شہباز شرکاء کی قیادت کرتے ہوئے جی ٹی روڈ کے راستے لاہور سے اسلام آبادجائیں، شہباز شریف اسلام آباد میں لانگ مارچ کے قافلے کا استقبال کریں۔

مولانا کی تجاویز پر لانگ مارچ سے متعلق حتمی فیصلہ اور اعلان ن لیگ کی قیادت کرے گی۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز ماضی میں پی ڈی ایم کے جلسوں میں ن لیگ کی بھر پور نمائندگی کرتے ہوئے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے چکی ہیں،کراچی سے لے کر سوات تک پی ڈی ایم کے جلسوں میں مریم نواز نے ن لیگ کی قیادت کی۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے 27 مارچ کو ڈی چوک پر جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے جواب میں ن لیگ نے بھی ڈی چوک پر ہی 27 مارچ کو جلسے کا اعلان کردیا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان نے 23 مارچ سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ شروع کرنے کا کہہ دیا ہے۔

گزشتہ روز فیصل جاوید نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 28 مارچ کو ہوگی۔

مزید خبریں :