Time 15 مارچ ، 2022
پاکستان

او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس، فضل الرحمان نے لانگ مارچ کا شیڈول تبدیل کردیا

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے باعث لانگ مارچ کا شیڈول تبدیل کردیا۔

مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ 24 مارچ تک اسلام آباد میں ہوں گے، اجلاس کے باعث اسلام آباد میں مہمانوں کے آنے جانے میں کسی قسم کی مشکلات نہیں ہونی چاہئیں، اسی لیے قافلے 23 مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ مہمان، مہمان ہوتے ہیں اس لیے ہمارا فرض ہے کہ ان کو احترام دیں لہٰذا 23 مارچ کو دور کے علاقوں سے جو قافلے روانہ ہوں گے تو قریب کے اضلاع ان کے ساتھ شامل ہوں گے اور یہ قافلے 25 مارچ کو اسلام آباد میں مغرب کے بعد داخل ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم نے اعلان کیا تھاکہ 23 مارچ کو ظہر سے عصر کے درمیان پورے ملک سے قافلے چل پڑیں گے اور 24 کو اسلام آباد پہنچیں گے، لانگ مارچ اسلام آباد میں کتنے دن رہے گا یہ فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

آج کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ہدایت کی تھی کہ 23 مارچ کی پریڈ اور اوآئی سی وزرائےخارجہ اجلاس کیلئے جامع سکیورٹی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

مزید خبریں :