20 مارچ ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شوکاز نوٹس ملنے کے بعد منحرف رکن قومی اسمبلی غفار وٹو کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے۔
2018کے الیکشن میں آزاد حیثیت سے جیت کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے غفار وٹو کا ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ میں 2018 میں حلقہ این اے 166 بہاولنگر سے آزاد حیثیت میں جیتا تھا۔
غفار وٹو کا مزید کہنا ہے کہ میں نے الیکشن جیتنے کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی، ان ساڑھے 3 سالوں میں اپنے حلقے میں ایک کام بھی نہیں کروا سکا، میرا مطالبہ تھا کہ میرے حلقے کو سی پیک اور موٹروے کے ساتھ لنک کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ہمارا کام نہیں ہوتا اور ہم ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں تو الزامات لگا دیے جاتے ہیں، مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں نے کروڑوں روپے لیے ہیں، میں لعنت بھیجتا ہوں پیسے لینے والے پر، رشوت لینے اور دینے والا جہنمی ہے۔
غفار وٹو کا کہنا تھا میں سندھ ہاؤس کبھی گیا ہی نہیں، مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں سندھ ہاؤس تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے اپنے 14 منحراف اراکین قومی اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کیے تھے جس میں سے ایک نام غفار وٹو کا بھی تھا۔
وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزراء کی جانب سے منحرف اراکین پر کروڑوں روپے لیکر تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دینے کا الزام لگایا گیا ہے۔