23 مارچ ، 2022
ریاض: سعودی عرب میں یومیہ کیسز میں نمایاں کمی کے بعد کورونا پابندیوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں اعتکاف کی اجازت دے دی گئی ہے۔
عالمی وبا کوروناکے آنے کے دو سال بعد خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں اعتکاف کی اجازت دی گئی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق رواں برس ماہ رمضان کی مبارک سعادتوں کو عبادات اور اذکار سے سجانے کے لیے سعودی عرب میں مقدس مقامات کی خدمات پر مامور کمیٹی نے اہم فیصلے کیے ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں پر عائد کورونا سے متعلق تمام پابندیاں ختم کر دی ہیں۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب آنے کے لیےکورونا کے خلاف ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ جمع کروانے کی شرط ختم کردی گئی ہے، سعودی عرب آنے کے بعد یا آنے سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کروانے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ سعودی عرب آنےکے بعد یا آنے سے پہلے ضروری قرنطینہ کی شرط بھی باقی نہیں رہی۔