26 مارچ ، 2022
پتوکی میں پاپڑ فروش کی تشدد سے موت کی تحقیقات جاری ہیں اور لواحقین نے پوسٹ مارٹم رپورٹ تبدیل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے قبرکشائی کیلئے درخواست دے دی ہے۔
ہیومن رائٹس سیل کی مدد سے مجسٹریٹ کو دی گئی درخواست میں لواحقین کا مؤقف ہے کہ اشرف سلطان کی میت کو غسل دیا گیا تو جسم پر متعدد نشانات تھے، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا تشددکے نشانات نہیں ملے، شک ہے پوسٹ مارٹم رپورٹ تبدیل کی گئی۔
علاقہ مجسٹریٹ ساجد احمد نےدرخواست پر متعلقہ حکام کو 29مارچ کوطلب کر لیا ہے۔
پاپڑ فروش اشرف سلطان کی باراتیوں کے مبینہ تشدد سے ہلاکت کا واقعہ 21مارچ کی شام پیش آیا تھا،جس کا علم 22مارچ کو ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے ہوا۔
اس واقعےکا انتہائی دلخراش پہلو یہ تھا کہ اشرف کی لاش شادی ہال میں سرعام لاوارث پڑی رہی ، جس پر مکھیاں بھنبھناتی رہیں لیکن بےحس باراتی لاش کے پاس ہی مزے سےکھانا کھاتے رہے۔