Time 23 مارچ ، 2022
انٹرٹینمنٹ

'پاپڑ فروش کی ہلاکت پر باراتیوں کی سنگدلی کے بعد 'یومِ پاکستان' کی مبارک دینے کی ہمت نہیں'

پولیس نے شادی ہال کے منیجر سمیت 12 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا__فوٹو فائل
پولیس نے شادی ہال کے منیجر سمیت 12 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا__فوٹو فائل

پنجاب کی تحصیل قصور کے شہر پتوکی میں باراتیوں کے مبینہ تشدد سے پاپڑ فروش کے جاں بحق ہونے کے معاملے پر اداکار بلال قریشی اور فہد شیخ نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

بلال قریشی نے انسٹاگرام پر مذکورہ واقعے کی ویڈیو شیئر کی اور ساتھ ہی معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ 'پاپڑ فروش کی ہلاکت پر باراتیوں کی سنگدلی دیکھنے کے بعد میرے اندر ہمت نہیں کہ آپ لوگوں کو یومِ پاکستان کی مبارکباد دے سکوں'۔

اداکار نے ہیش ٹیگ استعمال کیا اور لکھا کہ 'اس افسوس ناک واقعے کے بعد ہم سب کو شرم آنی چاہیے'۔

اسکرین شاٹ/بلال قریشی
اسکرین شاٹ/بلال قریشی

بلال قریشی نے سوال کیا کہ 'کیا ہم واقعی ایک زندہ قوم ہیں؟'

دوسری جانب اداکار فہد شیخ نے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور بے بسی کے عالم میں لکھا کہ 'آج سچ میں نفرت ہوگئی ہے'۔

انہوں نے اللہ سے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ 'او میرے اللہ، اب بس ہم سب کو فنا کردے'۔

فوٹو: اسکرین شاٹ/فہد شیخ
فوٹو: اسکرین شاٹ/فہد شیخ

واضح رہے کہ گزشتہ روز پتوکی میں باراتیوں کے مبینہ تشدد سے پاپڑ بیچنے والا محنت کش دم توڑگیا تھا، واقعے کے بعد بے حسی کی انتہا اس وقت دیکھنے میں آئی جب سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں باراتی لاش سامنے رکھی ہونے کے باوجود کھانے میں مصروف دکھائی دیے تھے۔

 پولیس نے شادی ہال کے منیجر سمیت 12 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا، بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے معاملے کا نوٹس لیا تھا جس کے بعد پتوکی انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے شادی ہال کو سیل کر دیا ہے۔

مزید خبریں :