07 نومبر ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ریاست کے تمام ستونوں میں ہم آہنگی ہونی چاہئے، ماضی میں سیاستدانوں سمیت ججز اور جرنیل سب سے غلطیاں ہوئیں، آئین و قانون کی سربلندی کا عزم چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تقاریر کا مرکزی نکتہ تھا ، ملکی مفاد کو ہر دوسری چیز پر ترجیح دینی چاہئے، آئین کی تشریح سے متعلق عدلیہ کا اختیار حتمی ہے۔لاہورسے جاری اپنے خصوصی بیان میں سربراہ مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ اداروں کے استحکام کاتقاضاہے کہ تمام ستونوں میں مکمل ہم آہنگی ہو، آئین اور قانون کی حکمرانی یقینی بنائی جائے، ملکی مفاد کو ہر دوسری بات پر ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سب سے غلطیاں ہوئیں، سیاستدانوں کیساتھ ججز اور جرنیل بھی غلطیاں کرتے رہے۔ نواز شریف نے کہا کہ فوج پاکستان کی سلامتی اور دفاع کی علامت ہے، ہر شہری فوج کو متحد اور مضبوط دیکھنا چاہتا ہے، فوج میں رخنہ ڈالنے، تقسیم کرنے اور دراڑ ڈالنے کی ہرکوشش ملکی مفاد کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ، آئین اورقانون کی روشنی میں انصاف کی فراہمی کا فریضہ ادا کررہی ہے، آئین کی تشریح سے متعلق عدلیہ کا اختیار حتمی ہے، عدلیہ کو کمزور کرنا آئین و قانون سے کھیلنے اور ملک کو جنگل بنادینے کے مترادف ہے۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ فوج کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ملکی دفاع کو کمزور کرنے جیسی ہے، نئی عدلیہ آئین و قانون کے تحت بے خوف تاریخی فیصلے کررہی ہے، آئین و قانون کی سربلندی کا عزم چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تقاریر کا مرکزی نکتہ ہے۔