13 اپریل ، 2022
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ايف آئی اے) کے انسداد دہشت گردی ونگ نے سوشل ميڈيا پر اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانےکے الزام میں 12 سوشل ميڈيا ايکٹوسٹس کو گرفتار کر لیا۔
ايف آئی اے انسداد دہشت گردی اور سائبر کرائمز ونگ نے وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایت پر چھاپے مار کر مختلف علاقوں سے 12سوشل ميڈيا ايکٹوسٹس کو گرفتار کیا۔
حکام نے بتایا کہ لاہور سے 2، گجرات اور فیصل آباد سے 8 جبکہ کراچی سے بھی متعدد افراد پکڑے گئے ہیں۔
حساس اداروں اور انٹیلی جنس بیورو نے سیکڑوں جعلی اکاؤنٹس آپریٹ کرنے والے 50 افراد کی فہرستیں بھی ایف آئی اے کو دی ہیں، ان میں سے متعدد اکاؤنٹس بیرون ملک سے آپریٹ کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ايف آئی اے سائبر کرائمز ونگ نے 4 ہزار سے زائد ٹرينڈ سيٹرز اور ٹرينڈ يوزرز کے اکاؤنٹس بلاک کرانے کيلئے پی ٹی اے سے بھی رابطہ کر لیا۔ ایف آئی اے نے پی ٹی اے حکام کو ان افراد کی تفصيلات بھی فراہم کردی ہیں۔