پاکستان
08 نومبر ، 2012

اصغر خان کیس کا تفصیلی فیصلہ آج جاری کیا جائے گا،ذرائع

اصغر خان کیس کا تفصیلی فیصلہ آج جاری کیا جائے گا،ذرائع

اسلام آباد…اصغر خان کیس کا تفصیلی فیصلہ آج دن ایک بجے جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق فیصلہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار ڈاکٹر فقیر حسین جاری کریں گے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے 19 اکتوبر 2012 ء کو اصغر خان کیس کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے 1990ء کے انتخابات میں دھاندلی اور سیاسی عمل کو آلودہ کرنے پر سابق آرمی چیف جنرل اسلم بیگ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل اسد درانی کیخلاف وفاقی حکومت کو قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے اصغر خان کیس کو قابل سماعت قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ سابق صدر غلام اسحق نے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایوان صدر میں الیکشن سیل قائم کرکے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی، ایوان صدر اور آئی ایس آئی میں اگر اس وقت کوئی سیاسی سیل ہے تو اسے فوری ختم کیا جائے، فوج سیاست میں حصہ نہیں لے سکتی، آئی ایس آئی اور ایم آئی کا سیاسی عدم استحکام میں کردار نہیں ہوسکتا۔ سابق آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کا انفرادی فعل فوج کیلئے بدنامی کا باعث بنا، ایف آئی اے رقوم کی تقسیم کی تحقیقات کرکے منافع سمیت وصول کرے، یونس حبیب کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں :