Time 21 اپریل ، 2022
پاکستان

عمران خان نے جتنا توشہ خانہ سےکمایا اتنا پوری زندگی میں نہیں کمایا، مریم اورنگزیب

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ عمران خان نے جتنا توشہ خانہ سے کمایا ، اتنا انہوں نے پوری زندگی میں نہیں کمایا تھا، وزیراعظم کی کرسی کو انھوں نے کاروبار  بنالیا  تھا، موصوف کاروبار کرتے رہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میرا تحفہ میری مرضی نہیں کیونکہ وہ پاکستان کا تحفہ تھا، ساڑھے چار سال کے توشہ خانہ کے تحائف کی قیمت 142 ملین روپے ہے، عمران خان کی 2 ماہ کی انکم 85 ملین اور 4 سال میں 142 ملین ہوئی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میری مرضی نہیں یہ وزیراعظم کی کرسی تھی،  منی ٹریل دکھانی ہوگی، رسیدیں تو دینی پڑیں گی، تحفوں کو بازاروں میں بیچا نہیں جاسکتا، تحریک انصاف کی حکومت گذشتہ دسمبر میں 50 فیصدکا قانون لائی جب کہ عمران خان نے 20 فیصد قیمتوں پر ہی تحائف حاصل کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج تک الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن نےکوئی اعتراض نہیں لگایا، ملکی معیشت ، خارجہ پالیسی اور ترقیاتی منصوبوں کی حالت خراب ہے، وزیراعظم  شہباز  شریف نے پانچ دنوں میں کام شروع کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات  کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کو کہا گیا ہےکہ روبوٹکس ٹوئیٹس کے خلاف کارروائی کی جائے، اداروں کے خلاف  روبوٹکس ٹوئیٹس کے ذریعے منظم مہم چلائی جارہی ہے ، فوری ایکشن لیاجائے گا اور ان ٹوئیٹس کو ختم کیاجائےگا، شناخت شروع کردی گئی ہے، جن جگہوں پر روبوٹک مشینیں نصب ہیں پتہ چلا لیا گیا ہے۔

عمران خان کی اہلیہ بشرٰی بی بی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سابق  خاتون اول کی ایف بی آر ٹیکس ریٹرن میں اندراج 2018 کی ہے، انہوں نے ایف بی آر ٹیکس ریٹرن میں پرانا نام لکھا ہوا ہے، عمران خان کے پاس عوام کو جواب دینے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان میں پہلی بار آئینی عدام اعتماد سے چور، نالائق اور جھوٹا وزیراعظم ہٹایا گیا،  چینی کے اوپر ناجائز اخراجات کا استعمال کیا  گیا جس سے چینی مہنگی ہوئی، آٹے کی سمگلنگ اور قلت ہونے کے بعد آٹا امپورٹ کیاگیا، عمران خان کی ہر سمری کے اوپر عوام کی لوٹ مار لکھی ہے،دوائیوں کو تحریک انصاف کا وزیر لوٹتا رہا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کوٹ لکھپت جیل میں تھے تو ان کو نماز کے لیےکرسی نہیں دی جاتی تھی اور مانیٹرنگ شہزاد اکبر صاحب کرتے تھے، آج کرسی پر وہ شخص ہے جو بڑے دل کا مالک ہے ، عمران خان کو فول پروف سکیورٹی کے لیے شہباز شریف  نے احکامات جاری کیے، شہزاد اکبر کے پاس غیرملکی شہریت ہے اور وہ بھاگ گئے ہیں، شہزاد اکبر کو واپس لانےکا طریقہ ہمیں آتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ثبوت نہ ہوتے تو فرح فرار نہ ہوتیں، عمران خان کی مشاورتی چیزوں کے حوالے سے معلوم نہیں،  انفارمیشن ملی ہے کہ کچھ فائلیں غائب ہیں ان کی تفصیلات لی جائیں گی، تحریک انصاف کی حکومت نے میڈیا کی پریس گیلری میں جیمرز لگائے تھے۔

مزید خبریں :