17 فروری ، 2012
واشنگٹن …امریکی سینیٹ نے ایک بار پھر پاکستان پر حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی اور آئی ای ڈیز کی تیاری روکنے کے لیے کوششیں نہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین کارل لیون نے سینیٹ کے اجلاس میں کہا کہ افغانستان میں امن تب تک قائم نہیں ہوسکتا جب تک پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے موجود ہیں۔ دہشت گرد افغانستان میں امریکی اور افغان فوجیوں پر حملے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان شمالی وزیرستان اور میں حقانی نیٹ ورک اور کوئٹہ میں افغان طالبان شوریٰ کے خلاف کارروائی نہیں کر رہا۔ کمیٹی کے رکن سینیٹر جان مکین نے کہاکہ امریکی اہلکاروں کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستانی انٹیلی جنس ادارے دہشت گروں کی امداد کر رہے ہیں۔ کمیٹی میں نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جیمز کلیپر اور ڈیفنس انٹلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل رونالڈ برجس نے بھی بیان دیا۔