پاکستان

پی ٹی وی اسپورٹس کے ٹھیکوں میں اربوں روپے من پسند کمپنیوں کو دیے جانے کا انکشاف

سابق وزیراعظم عمران خان کے براہ راست حکم پر غیرقانونی کام کیے گئے، پی ٹی وی اسپورٹس کے ٹھیکے دینے کے وقت وزیر اطلاعات فواد چوہدری تھے، تحقیقاتی رپورٹ— فوٹو: فائل
سابق وزیراعظم عمران خان کے براہ راست حکم پر غیرقانونی کام کیے گئے، پی ٹی وی اسپورٹس کے ٹھیکے دینے کے وقت وزیر اطلاعات فواد چوہدری تھے، تحقیقاتی رپورٹ— فوٹو: فائل

پی ٹی وی اسپورٹس کے ٹھیکوں میں اربوں روپے من پسندکمپنیوں کو دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

محکمانہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کے مطابق من پسند کمپنیوں کوخلاف ضابطہ ٹھیکے دیے گئے، من پسند پارٹیوں کے ٹیکس بھی معاف کیے گئے، قومی خزانے اور  خسارے کا شکار پی ٹی وی کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے براہ راست حکم پر غیرقانونی کام کیے گئے، پی ٹی وی اسپورٹس کے ٹھیکے دینے کے وقت وزیر اطلاعات فواد چوہدری تھے۔

ذرائع کے مطابق اربوں روپےکے نقصان، قاعدے قانون کی خلاف ورزیوں پرکارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ پی ایس ایل 7، 8 اور ورلڈکپ کے ٹھیکوں میں مالی اور قانونی جرائم کا ارتکاب کیا گیا، پیپرا رولز،  پی ٹی وی بورڈ کے قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑائی گئیں، ٹھیکوں کی بولی کا عمل نقائص سے بھرپور اور غیر شفاف تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جائز بولیاں دینے والوں کو غیر شفاف طریقے سے دانستہ طور پر مسابقتی عمل سے باہر کیا گیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشکوک، مینوپلیٹڈ طریقہ کار اپنانے سے  پی ٹی وی کو  بھاری مالی نقصانات ہوئے،تمام کمپنیوں کو مقابلےکا منصفانہ ماحول فراہم نہیں ہوا، اس عمل سے پی ٹی وی کو  بھاری مالی نقصانات ہوئے۔

ذرائع کے مطابق قواعد کے برعکس پی ٹی وی اسپورٹس کے کنٹریکٹس دینے اور اربوں روپے کی ادائیگیوں پر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، ایف آئی اے نے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ سمیت دیگر اہم شواہد اور  ریکارڈ حاصل کرلیا ہے،  ایف آئی اے نے پی ایس ایل کے  ٹھیکوں کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔

مزید خبریں :