10 نومبر ، 2012
کراچی … کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 2 میں مدرسے کے قریب فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ کے دو واقعات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ نمائندہ جیو نیوز طلحہ ہاشمی کے مطابق گلشن اقبال بلاک 2 میں مدرسے کے سامنے ہوٹل پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم 5 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے کئی زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ڈی آئی جی شاید حیات کا کہنا ہے کہ واقعے میں جاں بحق افراد میں مدرسے کے طالب بھی شامل ہیں جبکہ دو افراد کی شناخت اسلم اور محمد کمال کے ناموں سے ہوئی ہے۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق جاں بحق افراد میں مقامی ہفت روزہ کے ایڈیٹر بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہوگئے۔ ترجمان اہلسنت والجماعت نے گلشن اقبال میں مدرسے کے قریب فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔ نمائندہ جیو نیوز ظل حیدر کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں سیفی کالج کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے ایک گاڑی کو روک کر اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق دونوں مقتولین نیو کراچی کے رہائشی تھے، دونوں افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں گولیاں لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ واضح رہے کہ کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے تاہم ان واقعات میں موٹر سائیکل پر ڈبل سوار ملزمان ملوث ہیں۔