پاکستان
15 جنوری ، 2012

وزیراعظم فوج سے متعلق بیان پر قوم سے معافی مانگیں، شہبازشریف

وزیراعظم فوج سے متعلق بیان پر قوم سے معافی مانگیں، شہبازشریف

لاہور…وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اداروں کے خلاف اپنی جنگ کے لئے پارلیمنٹ کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم گیلانی بیان پر وضاحتیں پیش کرنے کی بجائے بیان واپس لیں اور عوام سے معافی مانگیں۔لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکمران ٹولہ فوج اورعدلیہ جیسے قومی اداروں کے خلاف تصادم کی راہ پر چل کر اپنی تباہی کو آواز دے رہا ہے۔ پاک فوج کے بارے میں وزیراعظم کا بیان پیپلز پارٹی کی قیادت کی اسی مہم کا حصہ ہے۔ وزیراعظم گیلانی بیان پر وضاحتیں پیش کرنے کی بجائے بیان واپس لیں اور عوام سے معافی مانگیں۔ یہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور قابل مذمت بیان صدر زرداری کے ایما پر جاری کیا گیا۔یہ بیان صدر زرداری کے ایسے ہی حالیہ اقدامات اور بیانات کی توسیع کے سوا اور کچھ نہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جمہوریت پر شب خون مارنے والے ڈکٹیٹروں نے نہ صرف ملک کو تباہ کیا بلکہ پاک فوج کی نیک نامی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ لیکن چند طالع آزماوٴں کی بداعمالیوں کے باعث پاک فوج اور وطن عزیز کے لئے اس کی بے مثال قربانیوں کو تضحیک کا نشانہ بنانے اور اس کے حوصلوں کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جمہوری معاشرے کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے اداروں کو کمزور کر کے جمہوریت کے مستقبل کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

مزید خبریں :