22 مئی ، 2022
وزیراعظم شہبازشریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کی گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
گزشتہ روز وزیراعظم اور آصف زرداری کے درمیان ماڈل ٹاؤن لاہور میں ملاقات ہوئی تھی جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے اہم شخصیت سے ملنے کے بعد وزیراعظم سے ملاقات کی تھی اور آئندہ 48 گھنٹوں میں اتحادی جماعتوں کےدرمیان مذاکرات کا ایک اور دور ہوگا۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ اجلاس میں قبل ازوقت انتخابات یامعاشی مسائل کے حل تک اقتدار میں رہنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کا ایک دھڑا الیکشن میں فوری جانے کی تجویز پر رضامند ہے، نوازشریف اور مریم نواز سابقہ حکومت کا بوجھ نہ اُٹھانےاورفوری الیکشن کےحق میں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف معاشی مسائل حل کرنے اور الیکشن مقررہ وقت پرکرانےکے حق میں ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت اگلے 48 گھنٹوں میں فیصلہ کرکے آصف علی زرداری کومطلع کردے گی۔