17 فروری ، 2012
لاہور … امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہاہے کہ قوم 20 فروری کو پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دے کر نیٹو سپلائی بحال کرنے پر حکومت سے سخت احتجاج کرے گی۔ جامع منصورہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید منورحسن نے کہا کہ نیٹو سپلائی رکوانے اور بھارتی بالادستی سے بچنے کے لئے 20 فروری کے دھرنے میں عوام بھرپور شرکت کریں تاکہ حکومت پر دباوٴ بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نظر انداز کر کے افغانستان کے مسئلے کا کوئی پائیدار حل نہیں نکالا جاسکتا۔ سید منورحسن نے کہا کہ آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی اور الطاف حسین کو امریکا سے ملنے والے ڈالرز خطے سے امریکی انخلا میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے خاندانوں کے لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں بیٹھے معصوم بچے اور بوڑھے والدین کی حالت دیکھ کر پتھر دل انسان بھی کانپ اٹھتاہے لیکن کوئی ان کے پیاروں کو رہائی دلانے والا نہیں۔