28 مئی ، 2022
ترکی کے دارالحکومت استنبول سے ماسکو جانے والی پرواز منزل پر لینڈنگ سے کچھ دیر قبل بیلاروس کی فضائی حدود میں روک لی گئی جسے مبینہ طور پر فنی خرابی کی وجوہات کی بنا پر ماسکو کی بجائے لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس سے اتار لیا گیا۔
فلائٹ ریڈار کے مطابق استنبول سے ماسکو کی ترکش ائیر لائن کی پرواز ٹی کے 413 لگ بھگ ساڑھے تین گھنٹے کا سفر طے کرکے بیلاروس کی فضائی حدود سے روس کی فضائی حدود میں داخل ہوئی اور طیارہ ماسکو ائیر پورٹ پر اترنے کے لیے اپروچ لے رہا تھا کہ طیارے میں مبینہ طور پر فنی خرابی پیدا ہوگئی۔
کنٹرول ٹاور کے رابطہ کرنے پر پائلٹ کو فضا میں ہی ہولڈ کرنے کا کہا گیا جس پر پائلٹ نے ائیر بس اے 321 طیارے کو بیلاروس کی فضائی حدود میں واپس لے جاکر چکر کاٹنا شروع کردیے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اپنے ہیڈکوارٹر سے ہدایت ملنے پر پائلٹ نے بیلا روس سے طیارے کا رخ لتھوانیا کی طرف موڑ دیا اور یوں پرواز کو لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس اتارلیا گیا۔
طیارے میں 180 روسی شہری بھی سوار تھے جو ہنگامی بنیادوں پر بغیر ویزے کے لتھوانیا اترے۔