15 جون ، 2025
ایران نے دارالحکومت تہران پر حملے کے جواب میں اسرائیل پر ڈرونز اور بیلسٹک میزائل داغ دیے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے پہلی بار دن کی روشنی میں اسرائیل پر میزائل حملہ کیا ہے اور یہ حملوں کی تیسری لہر ہے۔
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ایرانی میزائل اسرائیلی علاقوں میں گرے ہیں۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے میزائل فائر کرنے پر شمالی اور وسطی اسرائیل میں سائرن بج اٹھے اور اسرائیلی فوج نے شہریوں کو شیلٹرز میں جانے کی ہدایت کی۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ایران سے کئی میزائل داغے گئے جن میں سے بیشتر کو روک دیا گیا تاہم اب تک کسی حادثے یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
اُدھر اسرائیلی حکومت نے 30 جون تک ملک میں ایمرجنسی کا نفاذ بڑھا دیا ہے۔
قبل ازیں کچھ دیر قبل اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق 50 جہازوں کےذریعے 170 ایرانی ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا گیا جبکہ تہران میں پاسداران انقلاب اور ایرانی دفاعی نظام سےمنسلک اہداف کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق تہران کے وسطی علاقےمیں ایرانی پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی جبکہ تہران کی شاہراہ طالقانی اور ولی عصر میدان کے قریب علاقوں میں دھماکےہوئے۔
عرب میڈیا کا مزید بتانا ہے کہ تہران میں پولیس ہیڈ کوارٹر پراسرائیلی ڈرون حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
تہران پر اسرائیلی حملوں کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حملے جاری رہے تو جوابی کارروائی انتہائی طاقتور اور فیصلہ کن ہوگی۔