05 جون ، 2022
کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے جیل چورنگی پر واقع سپر اسٹور میں لگنے والی آگ سے متاثرہ عمارت کےکسی بھی رہائشی کا عمارت میں داخل ہونا جرم قرار دے دیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق عمارت کا کوئی بھی رہائشی بلڈنگ میں داخل ہونے پر جرم کا مرتکب ہوگا،لہٰذا عمارت میں داخل ہونےکی کوشش پر ایف آئی آر درج کی جائےگی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ عمارت کے مرکزی دروازے پر تالےلگا دیےگئے ہیں اور عمارت کے تمام راستوں پر سکیورٹی گارڈ تعینات کردیےگئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ تو عمارت کو ناقابل رہائش قرار دے چکی ہے جب کہ ایس بی سی اے کولنگ کا عمل مکمل ہو جانے کے بعد عمارت کے قابل رہائش ہونے کا فیصلہ کرے گی۔
یاد رہےکہ سپر اسٹور کے گوادم میں لگی آگ پر بالآخر 76 گھنٹے بعد قابو پالیا گيا ہے۔
آتشزدگی کی وجہ بیسمنٹ میں قائم سپراسٹور کا غیرقانونی گودام تھا جس میں بڑی مقدار میں کوکنگ آئل اور دیگر اشیاذخیرہ کی گئی تھیں۔
76گھنٹے تک بھڑکنے والی شدید آگ کے باعث بیسمنٹ کی چھت بری طرح متاثر ہوئی جبکہ دیواروں اور بیسمنٹ کے فرش پر دراڑیں بھی پڑگئیں جن میں سے دھواں خارج ہوتے دیکھا گیا ہے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی آرکیٹیکچر اینڈ انجینیئرنگ ٹیم نے متاثرہ عمارت کا دورہ کیا اور معائنے کے بعد بتایا کہ عمارت کے تمام پلرز ٹھیک ہیں، کولنگ کے بعد مٹیریل ٹیسٹنگ ہوگی جس کے نمونے لاہور بھیجے جائیں گے، فائنل رپورٹ کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ عمارت رہنے کے قابل ہے یا نہیں۔