07 جون ، 2022
کراچی میں کرائم کنٹرول سے باہر ، رواں سال میں اب تک شہر میں چھینا جھپٹی کی تقریباً 35 ہزار وارداتیں کی جاچکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں رواں سال میں اب تک 34 شہریوں کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل جبکہ 165 کو زخمی کیا جاچکا ہے۔
اس کے علاوہ شہر میں رواں سال اب تک گھروں میں ڈکیتیوں کی 183 وارداتیں جبکہ فیکٹریوں، آفسز اور دکانوں میں 424 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، اسٹریٹ کرائمز کی رپورٹڈ وارداتوں کی تعداد 2 ہزار 43 ہے۔
رپورٹس کے مطابق 11 ہزار 749 شہریوں سے موبائل فون چھینے جا چکے ہیں جبکہ چوری کیے گئے موبائل فونز اس کے علاوہ ہیں۔
اس کے علاوہ شہریوں سے 69 گاڑیاں چھینی اور907 چوری کی گئیں جبکہ اگر موٹرسائیکلوں کی بات کریں تو رواں سال میں اب تک 19 ہزار 832 موٹرسائیکلیں وارداتوں میں چھینی گئیں جبکہ ایک ہزار 854 چوری کی گئی ہیں۔