15 جون ، 2022
پنجاب میں آئینی بحران برقرار ہے اور پہلی بار دو الگ الگ بجٹ اجلاس طلب کرلیےگئے ۔
اسپیکر پرویز الٰہی کے اسمبلی بلڈنگ میں بلائے گئے اجلاس میں حکومت کا کوئی رکن شریک نہیں ہوا۔ اجلاس میں اسپیکرکے حکم پر سیکرٹری پارلیمانی امورعنایت اللہ لک نے پینل آف چیئرمین کا اعلان کیا، پینل آف چیئرمین میں نوابزادہ وسیم خان باروزئی،میاں شفیع محمد، ساجد احمد خان بھٹی اور شازیہ عابد شامل ہیں۔
اجلاس میں ترجمان پنجاب حکومت عطا تارڑ کے خلاف تحریک استحقاق منظور کرلی گئی۔ بعد ازاں اسپیکرکا طلب کردہ پنجاب اسمبلی اجلاس کل دوپہر 1بجے تک ملتوی ہوگیا۔
ادھر گورنر نے بھی آج اسمبلی کا اجلاس ایوان اقبال میں طلب کیا تھا جو کہ ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی زیر صدارت جاری ہے۔
خیال رہےکہ دو دن گزرگئے ہیں لیکن پنجاب کا بجٹ پیش نہیں ہوسکا ہے، حکومت اور اپوزیشن اپنےاپنے مؤقف پر قائم ہیں اور ڈیڈ لاک ختم ہونےکی اُمیدیں بھی دم توڑ گئی ہیں۔
پرویز الہٰی کا کہنا ہےکہ حکومتی اجلاس غیر آئینی ہے اس کی کوئی اہمیت نہیں، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا ہے کہ حکومت کو غیر قانونی طریقے سے فنانس بل پاس نہیں کرنے دیں گے۔