نمرہ کاظمی مبینہ اغواکیس میں دونوں خاندان صلح کیلئے تیار ہوگئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نمرہ کاظمی مبینہ اغوا کیس میں دونوں خاندان صلح کے لیے تیار ہوگئے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پسندکی شادی کرنے والی نمرہ کاظمی کے مبینہ اغوا کیس کی سماعت ہوئی۔

 پولیس نے جیل سے لا کر نمرہ کاظمی کے شوہر نجیب شاہ رخ کو عدالت میں پیش کیا، نجیب شاہ رخ کے  وکیل نے عدالت کو  بتایا کہ نمرہ کے والدین سے بات چیت جاری ہے، نمرہ کے والدین نے شاہ رخ کو داماد تسلیم کرلیا ہے اور  آج کل میں کسی متفقہ نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ دونوں خاندانوں میں  مصالحت سے متعلق حلف نامہ متعلقہ عدالت میں جمع کروادیں گے جس پرکیس کی سماعت 2 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔

عدالت سے باہر میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے نجیب شاہ رخ کی خالہ کا کہنا تھا کہ شاہ رخ نجیب کراچی میں رہےگا، ہم نے نمرہ کاظمی کے والدین کی تمام شرائط قبول کرلی ہیں، وہ  شاہ رخ کو گھر داماد بنانا چاہتے ہیں لیکن نمرہ یہ بات ماننےکو تیار نہیں ہے۔

خیال رہے کہ نمرہ کاظمی 20 اپریل کو سعود آباد ایس ون ایریا سے لاپتہ ہوئی تھی، اس کی والدہ کا کہنا تھا کہ وہ صبح 9 بجے کام سے گئی، واپس گھر آئی تو نمرہ غائب تھی، کافی تلاش کے باوجود بیٹی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

بعدازاں پولیس نے اطلاع دی کہ نمرہ کا پتہ چل گیا ہے اور اس نے ڈیرہ غازی خان میں ایک لڑکے سے نکاح کرلیا ہے جس کا نام نجیب شاہ رخ ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ نمرہ کی نجیب شاہ رخ سے دوستی آن لائن گیم کے ذریعے ہوئی تھی۔

مزید خبریں :