21 جون ، 2022
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق جعلی سفری دستاویزات بنانے والا افغان باشندہ گرفتار کرلیا گیا، شناخت چھپا کرفرانس کا سفرکرنےکی کوشش پرافغان شہری کو جہاز سے آف لوڈکیا گیا، افغان شہری نے جرمنی کے رہائشی کارڈ پر رحمت علی نام ظاہرکیا تھا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ مسافر نے اعتراف کیا کہ اس کا اصل نام علی رضا ولد حسن علی ہے، مسافرکی نشاندہی پر انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے افغان ایجنٹ کو گرفتار کرلیا، افغان ایجنٹ رحمت اللہ کو اسلام آباد کے سیکٹرجی ایٹ فور سے گرفتارکیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے زیر استعمال جعلسازی میں استعمال ہونے والا کمپیوٹر اور دیگر آلات برآمد کرلیےگئے، دونوں ملزمان کا 3 روز کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔