25 جون ، 2022
پاکستان نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوئنٹی اجلاس بلانےکی تجویز کو یکسر مسترد کردیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں مجوزہ جی ٹوئنٹی اجلاس بلانےکی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئےکہا ہےکہ پاکستان بھارت کی ایسی کسی بھی کوشش کو یکسر مسترد کرتا ہے، جموں وکشمیرپاکستان اور بھارت کےدرمیان تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہےکہ مقبوضہ کشمیر1947 سےبھارت کےجبری اور غیر قانونی قبضے میں ہے، مقبوضہ کشمیرکا تنازع 7 دہائیوں سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ذمہ دارہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ قابض بھارتی افواج اگست 2019 سےاب تک مقبوضہ کشمیر میں 639 کشمیریوں کو قتل کرچکی ہیں، قابض بھارتی افواج نےکشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا، عالمی انسانی حقوق کے ادارے نے مقبوضہ وادی میں بھارتی قتل عام کی تصدیق کی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرکے آبادیاتی ڈھانچےکو تبدیل کرنےکی کوشش کر رہاہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہےکہ پاکستان کو امید ہے کہ علاقےکی متنازع حیثیت سمجھتے ہوئے جی ٹوئنٹی اراکین بھارت کی تجویز مستردکریں گے۔