دنیا
Time 27 جون ، 2022

یوکرین پر حملے کے بعد پیوٹن رواں ہفتے پہلا غیر ملکی دورہ کریں گے

صدرپیوٹن تاجکستان اور ترکمانستان کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ ماسکو میں انڈونیشیا کے صدر سے ملاقات کریں گے/ فائل فوٹو
صدرپیوٹن تاجکستان اور ترکمانستان کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ ماسکو میں انڈونیشیا کے صدر سے ملاقات کریں گے/ فائل فوٹو

یوکرین پر روسی حملے کے بعد روس کے صدر پیوٹن پہلا غیر ملکی دورہ کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا کےمطابق روسی صدر پیوٹن رواں ہفتے وسطی ایشیا کے دو ممالک کا دورہ کریں گے جو ان کا یوکرین پر حملے کے بعد پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

سرکاری ٹی وی پر روسی حکام نے بتایا کہ صدرپیوٹن تاجکستان اور ترکمانستان کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ ماسکو میں انڈونیشیا کے صدر سے ملاقات کریں گے۔

روسی حکام کےمطابق صدر پیوٹن دوشنبے میں اپنے پرانے اتحادی تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کریں گے جس کے بعد وہ ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں ایک سمٹ میں شرکت کریں گے جس میں آذربائیجان، قازقستان، ایران اور ترکمانستان کے رہنما بھی شریک ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صدرپیوٹن نے آخری مرتبہ غیر ملکی دورہ فروری کے آغاز میں کیا تھا جس میں وہ بیجنگ روانہ ہوئے تھے جہاں ان کی چینی صدر سے ملاقات ہوئی تھی۔

روسی صدر کے حکم پر 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کیا گیا جس میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اورلاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں جب کہ روس کو مغربی ممالک کی جانب سے کئی پابندیوں کا سامنا ہے۔

روس نے یوکرین پر اس حملے کو خصوصی فوجی آپریشن کا نام دیا ہے۔

مزید خبریں :