05 جولائی ، 2022
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے پے در پے واقعات سنگین مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔
اسی طرح برازیل میں پائلٹس شوقیہ اور غیر قانونی طور پر اڑائے جانے والے گرم ہوا کے غباروں سے پریشان ہیں۔
ایسے ہی ایک واقعے میں گزشتہ روز قطر ائیر ویز کی پرواز خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔ قطر ائیر ویز کے پائلٹ نے انتہائی مہارت سے طیارے کا رخ تبدیل کیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گزشتہ روز قطر ائیر ویز کی دوحہ سے روانہ ہونے والی پرواز کو برازیل کے ساؤ پاؤلو گوارولہوس ہوائی اڈے پر اترنا تھا۔
پائلٹ بوئنگ 300-777 کو ائیر پورٹ پر لینڈ کرانے کیلئے فائنل اپروچ پر تھا کہ اچانک گرم ہوا سے اڑایا جانے والا دیو ہیکل غبارہ اور ایک بینر عین لینڈنگ روٹ پر سامنے آگئے۔
حادثے سے بچنے کیلئے پائلٹ نے فوری طور پر لینڈنگ منسوخ کرتے ہوئے طیارے کا رخ تبدیل کیا۔
بعد ازاں یہ پرواز ساؤ پاؤلو گوارولہوس ہوائی اڈے پر بحفاظت لینڈ کرگئی۔ساؤ پاؤلو گوارولہوس کے ایک مقامی شخص نے سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بیوقوفوں کا ایک چھوٹا سا گروپ ہے جو ایسا کرتا ہے اور پورا ملک اس کی قیمت ادا کرتا ہے۔
شہری کے مطابق برازیل میں یہ ایک جرم ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ پولیس اس کی روک تھام پر توجہ نہیں دیتی۔