پاکستان
Time 06 جولائی ، 2022

حلیم عادل شیخ کی حراست غیرقانونی قرار، لاہور ہائیکورٹ نے رہا کرنےکا حکم دیدیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی حراست غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنےکا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں حلیم عادل شیخ کی حراست کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے حلیم  عادل شیخ کی حراست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے دوبارہ گرفتاری کے خدشے کے  پیش نظر  حلیم  عادل  شیخ کی 18 جولائی تک حفاظتی ضمانت  بھی منظور کرلی۔

لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ عدالت میں کوئی لیٹر پیش نہیں کیا گیا کہ حلیم عادل شیخ کو گرفتار کرنا ہے۔

خیال رہےکہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ کو سادہ لباس اہلکاروں نے گزشتہ رات لاہور سے حراست میں لیا تھا، بعد ازاں اینٹی کرپشن سندھ نے حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق حلیم عادل شیخ کے خلاف اینٹی کرپشن جامشورو تھانے میں مقدمہ درج  ہے۔ ذرائع کے مطابق حلیم عادل شیخ کو سرکاری زمین کے جھوٹے کاغذات بنانےکے الزام میں گرفتار کیا گیا، انہوں نے زمین کے جھوٹے کاغذات پر بینک سے قرض لیا تھا۔

حلیم عادل شیخ کی حراست کےخلاف  لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

دوران سماعت جسٹس علی باقر نجفی نے سب انسپکٹراینٹی کرپشن سندھ سے استفسار کیا کہ کس بنیاد پرگرفتاری کی،گرفتاری تو تفتیشی افسر کرتا ہے جویہاں نہیں ہے۔

سرکاری وکیل کی جانب سے کاغذ پیش کرنے پر جسٹس علی باقر نجفی کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا کاغذ ہے جس سے پتہ چلےکہ یہ تفتیشی ٹیم ہے جو گرفتارکرنے آئی ہے ، مجھے کوئی ایسا کاغذ نظر نہیں آرہا۔

عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا اور اب حلیم عادل کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

مزید خبریں :