Time 15 جولائی ، 2022
پاکستان

مسٹر ایکس وائی کے بارے میں خان صاحب بہتر بتا سکتے ہیں: الیکشن کمشنرپنجاب

الیکشن کے لیے رینجرزکو مختلف مقامات پرتعینات کیاجائےگا،فوج کی تعیناتی آن کال ہو گی:سعید گل/فوٹوفائل
الیکشن کے لیے رینجرزکو مختلف مقامات پرتعینات کیاجائےگا،فوج کی تعیناتی آن کال ہو گی:سعید گل/فوٹوفائل

لاہور: الیکشن کمشنر  پنجاب سعید گل نے مسٹر  ایکس اور  مسٹر  وائی سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

 لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےالیکشن کمشنرپنجاب سعید گل کا کہنا تھا کہ مجھےکسی مسٹر ایکس اور  وائی کا نہیں پتا، ریاضی میں ایکس اور  وائی پڑھا تھا، ریاضی میں  ہی  پڑھا  تھا کہ  ایکس پلس وائی ایز  ایکلول  ٹو  زیرو، خان صاحب ہی مسٹر ایکس اور وائی سے متعلق بہتر بتا سکتے ہیں۔

پنجاب کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سعید گل کا کہنا تھا کہ الیکشن کے لیے رینجرز کو مختلف مقامات پرتعینات کیا جائےگا جبکہ فوج کی تعیناتی آن کال ہو گی، جس کے پاس شناختی کارڈ نہ ہو وہ پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے کے لیے زور زبردستی نہ کرے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ  چیف الیکشن کمشنر سے کوئی بھی مل سکتا ہے، مسلم لیگ ن، پپیلز  پارٹی اور  پی ٹی آئی کے ارکان چیف الیکشن کمشنر سے ملتے رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کو کسی سے چھپ کر ملنے کی ضرورت نہیں ہے۔

سعید گل کے مطابق ،ضمنی الیکشن کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، پولنگ اسٹاف کی مکمل ٹریننگ ہوچکی ہے، ہم ووٹر لسٹوں کی مکمل تصدیق کر رہے ہیں 25 مئی 2022 کے اعلامیے پر مکمل عمل درآمد کرایا جائےگا ، انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز کی سکیورٹی بڑھائی گئی ہے ، بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہوچکی،کل تک تقسیم کردیے جائیں گےپولیس اور رینجرز کی نفری پولنگ اسٹیشن پر تعینات ہوگی اور پولنگ سے ایک روز قبل تمام پولنگ سامان اپنے اپنے حلقے میں پہنچا دیا جائے گا ۔

انھوں نے کہا کہ  انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائےہیں،  رینجرزکےاہلکار کوئیک رسپارنس فورس کے طور پر تعینات ہوں گے،  الیکشن خوشگوار ماحول میں کرائیں گے، الیکشن آر اواورڈی آر او زکےآفس میں سخت سکیورٹی فراہم کردی ہے۔

ہوائی فائرنگ پر 5 کارروائیاں ہوئیں: الیکشن کمشنرپنجاب

الیکشن کمشنر پنجاب نے مزید بتایا کہ  ہوائی فائرنگ پر  5 کارروائیاں ہوئیں اور مجموعی طور پر 5 لاکھ 77 ہزار  روپے جرمانہ کیا، آج رات 12 بجے انتخابی مہم ختم ہو جائےگی، اگر کسی نےانتخابی مہم رات12 بجے کےبعد چلائی تو ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا پبلک آفس ہولڈر کسی بھی صورت پولنگ اسٹیشن میں داخل نہیں ہو سکتے، اوورسائزپوسٹراور  پینافلکس کو برداشت نہیں کیا جائےگا، پولنگ ایجنٹس کو چاہیےکہ پولنگ اسٹیشن میں شور شرابہ نہ کریں، امن و امان برقرار  رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد ووٹر لسٹوں میں کوئی ردو بدل نہیں کی گئی، ہم ووٹر لسٹوں کی مکمل تصدیق کر رہے ہیں۔

سلمان اور زین قریشی پر غلط الزامات لگائے گئے: سعید گل

سعید گل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی امید وار زین قریشی اور سلمان پر غلط الزام تھا کہ ان کی جانب سے موٹر سائیکل کی پیشکش کی جا رہی ہے، زین قریشی کے معاملے کی انکوائری کرائی گئی جس میں پتا چلا کہ ان پر غلط الزام لگایا گیا، سلمان اور زین قریشی دونوں نے موٹرسائیکل کی آفر نہیں کی۔

مزید خبریں :