Time 15 جولائی ، 2022
پاکستان

کسی شہرکی کوئی بھی سڑک بند نہیں ہونی چاہیے، وزیراعلیٰ سندھ کی پولیس کو ہدایت

کسی قسم کی شرپسندی یا انتظامیہ کی جانب سے غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، مراد علی شاہ— فوٹو:فائل
کسی قسم کی شرپسندی یا انتظامیہ کی جانب سے غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، مراد علی شاہ— فوٹو:فائل

صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ کسی شہر کی کوئی بھی سڑک بند  نہیں ہونی چاہیے۔

مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ سڑکیں بند کی جائیں گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ  اگر کوئی شرپسند سڑک بند کرنے  کی کوشش کرے تو سختی سے نمٹا جائے اور سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ پولیس اورضلعی انتظامیہ شہر کی معمول کی زندگی کو یقینی بنائیں، کسی قسم کی شرپسندی یا انتظامیہ کی جانب سے غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ حکومت نے تمام متعلقہ افراد سے اس معاملے پر بات چیت کی ہے اور فریقین اس قسم کی حرکت سے لاتعلقی کا اظہار کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ حیدر آباد بائی پاس کے قریب 12 جولائی کو رات گئے ہوٹل میں مبینہ طور پر بل کی ادائیگی پر عملے اور نوجوان بلال کاکا کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد فائرنگ سے بلال جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

اس کے بعد صوبے کے کچھ شہروں میں شرپسندوں کی جانب سے توڑ پھوڑ اور تشدد کے واقعات پیش آئے۔

مزید خبریں :