Time 15 جولائی ، 2022
پاکستان

سہراب گوٹھ ہنگامہ آرائی، حملہ آوروں نے پولیس افسر سے اسلحہ اور موبائل فون چھین لیا

حملہ آوروں نے پولیس افسر کے چھینے ہوئے ہتھیار سے بھی فائرنگ کی: پولیس رپورٹ۔ فوٹو فائل
حملہ آوروں نے پولیس افسر کے چھینے ہوئے ہتھیار سے بھی فائرنگ کی: پولیس رپورٹ۔ فوٹو فائل

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں احتجاج کے دوران بس ٹرمنل پر حملہ آور ملزمان نے ڈیوٹی پر موجود ایک پولیس افسر سے سرکاری اسلحہ، گولیاں اور موبائل فون چھین لیا۔

پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے میں تعینات پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر تراب شاہ سپر ہائی وے بس ٹرمنل میں ڈیوٹی پر تعینات تھے کہ احتجاج کرنے والے ملزمان نے دیگر املاک کی طرح سہراب گوٹھ بس ٹرمنل پر بھی حملہ کیا۔

پولیس کے مطابق اس دوران پولیس نے ملزمان پر لاٹھی چارج کیا، بھگدڑ اور ہاتھا پائی کے دوران ملزمان نے اے ایس آئی تراب شاہ کا سرکاری نائن ایم ایم پستول، اس کی 600 گولیاں اور وہاں موجود سب مشین گن کی ساڑھے 700 گولیاں اور موبائل فون چھین لیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس افسر کے چھینے ہوئے ہتھیار سے بھی فائرنگ کی۔

ذرائع کے مطابق ملزمان نے موٹر وے ایم نائن، سپر ہائی وے اور سروس روڈ پر کاروں، موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں میں سوار اور پیدل افراد سے بھی لوٹ مار کی، اس سلسلے میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض کے مطابق اسلحہ چھیننے والے ملزم کو شناخت کر لیا گیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں :