Time 15 جولائی ، 2022
پاکستان

بلال کاکا قتل کیس، نامزد ملزم 7 روزہ ریمانڈ پرپولیس کےحوالے

9 نامزد ملزمان میں سے 2 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی کی جارہی ہے: آئی جی سندھ پولیس— فوٹو: فائل
 9 نامزد ملزمان میں سے 2 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی کی جارہی ہے: آئی جی سندھ پولیس— فوٹو: فائل

حیدرآباد کی مقامی عدالت نے بلال کاکا قتل کیس میں نامزد ملزم شاہسوار کو 7 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

حیدرآباد میں بلال کاکا قتل کیس میں نامزد ملزم شاہسوار کو بھٹائی نگر تھانے کی پولیس نے سخت سکیورٹی میں سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ نازیہ امیر علی کی عدالت میں پیش کیا۔

پولیس نے عدالت سے مزید ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے ملزم کو 7 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ حیدرآباد واقعے کا مقدمہ 9 افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا اور 9 نامزد ملزمان میں سے 2 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں امن اومان کی صورتحال کنٹرول میں ہے اور معمول کے مطابق کاروبار جاری ہے۔

آئی جی سندھ نے شہریوں سے اپیل کی کہ افواہوں پر کان دھرنے سے گریز کریں۔

خیال رہے کہ حیدر آباد بائی پاس کے قریب 12 جولائی کو رات گئے ہوٹل میں مبینہ طور پر بل کی ادائیگی پر عملے اور نوجوان بلال کاکا کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے نتیجے میں نوجوان بلال جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

اس کے بعد صوبے کے کچھ شہروں میں شرپسندوں کی جانب سے توڑ پھوڑ اور تشدد کے واقعات پیش آئے۔

مزید خبریں :