21 جولائی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ آج چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے پی ٹی آئی اور ق لیگ پنجاب کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں 186 ارکان شریک ہوئے۔
اس حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور کے مقامی ہوٹل میں پی ٹی آئی اور ق لیگ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں 186 اراکین شریک ہوئے۔
شہباز گل نے بھی ٹوئٹ کی کہ ’اللہ کا شکر 186 ، اس وقت تمام ارکان کپتان کی تقریر سن رہے ہیں۔‘
لاہور میں تحریک انصاف اورق لیگ کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ مشکل وقت میں بزدار کو وزیراعلیٰ بنایا، بزدار نے بطور وزیراعلیٰ مشکل وقت گزارا۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ عثمان بزدار نے پہلے دن کہہ دیا تھا کہ جب کہا جائے گا وہ مستعفی ہوجائیں گے۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں پھر کرپشن پر بات کی اور کہا ریاست مدینہ کے قیام کا مقصد ملک کو آزاد کرانا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا دوبارہ انتخاب کل پنجاب اسمبلی میں ہوگا۔ ن لیگ کی جانب سے حمزہ شہباز اور پی ٹی آئی و ق لیگ کے متفقہ امیدوار پرویز الہیٰ ہیں۔