18 نومبر ، 2012
اسلام آباد…شہر اقتدار اسلام آباد میں ڈی ایٹ سربراہ کانفرنس کی تیاریاں زوروں پرہیں۔ پارلیمنٹ ہاوٴس کو جانے والی شاہراوٴں کی جھنڈوں اور بینرز سے سجاوٹ جاری ہے۔اسلام آباد کی خنک فضاوٴں اور چپ خزاوٴں میں ڈی ایٹ سربراہ کانفرنس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ شاہراہ دستور سے جڑی خیابان سہر وردی کی وسطی سبز پٹی کو کا نفرنس میں شرکت کرنے والے سربراہان مملکت کی تصاویر سے مزین بینرز سے سجایا جارہا ہے۔ گہرے سبز رنگ کے خوبصورت بینرز پر مہمانوں کی تصاویزاور ڈی ایٹ کی اہمیت کے حوالے سے نعرے بھی درج ہیں۔ رنگ بدلتے درختوں کے بیچ شاہراہ دستور پر پاکستان، مصر، نائجیریا، ایران، ترکی، انڈونیشا ، ملائیشیا اور بنگلہ دیش کے جھنڈے خوبصورت منظر پیش کر رہے ہیں۔ ڈی ایٹ سربراہ کانفرنس میں ایران کے صدر احمدی نڑاد، مصر کے صدر محمد مورسی، انڈونیشیا کے صدر سوسیلو بام بنگ، نائجیریا کے صدر گڈ لک ابیلے جوناتھن اور ترکی کے وزیر اعظم طیب اردگان شریک ہو رہے ہیں۔ کانفرنس میں ملائشیا کی نمائندگی ڈپٹی وزیر اعظم محی الدین یاسین جبکہ بنگلہ دیش کی نمائندگی سیکریٹری خارجہ محمدمعراج اقوئیس کریں گے۔