Time 23 جولائی ، 2022
پاکستان

پی ٹی آئی نے جس فیصلے پر خوشیاں منائیں وہی ان کے آڑے آ گیا: وزیر داخلہ

عمران نیازی قوم کو گمراہ اور تقسیم کر رہے ہیں، یہ شخص فساد فی الارض ہے: رانا ثنا اللہ۔ اسکرین گریب
عمران نیازی قوم کو گمراہ اور تقسیم کر رہے ہیں، یہ شخص فساد فی الارض ہے: رانا ثنا اللہ۔ اسکرین گریب

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے جس فیصلے پر خوشیاں منائیں وہی ان کے آڑے آگیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ عدالتوں کا احترام کیا جائے لیکن کل انہوں نے سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر ہنگامہ آرائی کی، عمران خان کے غنڈوں نے سپریم کورٹ کی دیواریں پھلانگیں اور  زبردستی دفاتر میں داخل ہوئے مگر متعلقہ تھانے کو کوئی شکایت نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا تھا عمران خان الیکشن جیت کر بھی الیکشن کمیشن کو گالیاں دیتے ہیں اور اداروں کو گالیاں نکالتے ہیں، ان کی کسی بات پر یقین ہی نہیں کرنا چاہیے، عمران نیازی قوم کو گمراہ اور تقسیم کر رہے ہیں، یہ شخص فساد فی الارض اور قوم کے ذہن کو آلودہ کرنے کے لیے پروپیگنڈا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا ٹولہ جھوٹا پروپیگنڈا کرنے میں مہارت رکھتا ہے، کہا گیا حکومت دھاندلی کر رہی ہے، کبھی کہا گیا کہ ایک ایک ووٹ کے بدلے 40، 40 کروڑ روپے دیے گئے حالانکہ کسی ایک بندے کا ووٹ بھی ادھر سے ادھر نہیں ہوا، جو ان کے لوگ تھے انہوں نے ان کو ووٹ دیے اور جو ہمارے لوگ تھے انہوں نے ہمیں ووٹ دیے، یہ بتائیں کہ کسے پیسے ملے کیا؟ چوہدری شجاعت حسین نے پیسے لیے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جس فیصلے پر خوشیاں منائیں وہی ان کے آڑے آ گیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ہی ہمارے 25 ووٹ مسترد ہوئے تھے اور اسی فیصلے کی روشنی میں ان کے 10 ووٹ مسترد ہو گئے، جب ہمارے ووٹ مسترد ہوئے تھے تو اسد عمر نے کہا کہ پارٹی سربراہ عمران خان نے تمام ارکان کو پرویز الٰہی کے حق میں ووٹ دینے کی ہدایت کی تو کیا چوہدری شجاعت حسین مسلم لیگ ق کے سربراہ نہیں ہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ ثابت ہو چکی، یہ دو جمع دو کا کیس ہے، الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فی الفور جاری کیا جائے، انصاف ہونا چاہیے اور ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔

پرویز الٰہی سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ میرے خیال سے وہ ق لیگ سے تو باہر ہو چکے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ آج ہی بنی گالہ جائیں اور تحریک انصاف جوائن کر لیں۔

مزید خبریں :