25 جولائی ، 2022
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ غلام نبی میمن نے کراچی اور صوبے کے تمام اضلاع میں گاڑیوں کی غیر قانونی نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے گاڑیوں پر غیر قانونی بلیو، گرین رنگوں یا دیگر کی نمبر پلیٹس اور پولیس لائٹس کے خلاف صوبائی سطح پر مہم شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔
آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ کی شاہراہوں اور ہائی ویز پر رواں دواں نجی ملکیت کی گاڑیوں پر نصب بلیو، گرین نمبر پلیٹس اور پولیس لائٹس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، یہ عمل قانون سے تجاوز کے زمرے میں آتا ہے، پرائیویٹ گاڑیوں پر بلیو/گرین نمبر پلیٹس کا استعمال سراسر غیر قانونی اور ماورائے قانون ہے۔
آئی جی سندھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس قسم کے رجحان کے سدباب اور حوصلہ شکنی کے لیے ایف آئی آرز کے اندراج سمیت تمام تر ضروری قانونی کارروائی اشد ضروری ہے۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ تمام ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز اور ٹریفک پولیس غیر قانونی بلیو گرین نمبر پلیٹس اور پولیس لائٹس کے خلاف فی الفور ایک ٹھوس اور مربوط مہم کا آغاز کریں، کارروائیوں کی تفصیلات روزانہ کی بنیاد پر سینٹرل پولیس آفس کو ارسال کریں۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی عمل میں ملوث یا مرتکب ٹھہرائے جانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے، مذکورہ مہم اگلے تین ماہ تک جاری رہے گی۔