26 جولائی ، 2022
پاکستان کی 10 رکنی ٹیم بھارت میں ہونے والی ورلڈ چیس اولمپیاڈ میں شرکت کرے گی، پاکستان ٹیم کل چنئی روانہ ہو گی۔
پاکستان چیس فیڈریشن کے عہدیداران نے لاہور میں نیوز کانفرنس میں بتایا کہ پاکستان کے شاطروں کا ماضی میں بہت نقصان ہو چکا ہے، عملی طور پر فیڈریشن نہ ہونے کی وجہ سے شاطر بین الاقوامی مقابلوں سے محروم رہے لیکن اب ایسا نہیں ہو گا، قومی کھلاڑیوں کو ہر پلیٹ فارم پر موقع ملے گا۔
حال ہی میں قومی جونیئر ٹیم نے مالدیپ میں ہونے والی ویسٹ ایشیا جونیئر چیمپئن شپ میں حصہ لیا اور برانز میڈل جیتا جبکہ اب قومی ٹیم بھارت میں ہونے والی ورلڈ چیس اولمپیاڈ میں شرکت کیلئے کل بھارت روانہ ہو رہی ہے جہاں چنئی میں ایونٹ 28 جولائی سے 10 اگست تک منعقد ہوگا۔
پاکستان کی پانچ رکنی خواتین ٹیم میں دو بہنیں مہک گل اور علینہ زاہد کے علاوہ صنوبیہ واصف، نور فاطمہ اور سحرش شامل ہیں جبکہ مینز ٹیم میں عامر کریم ، جنید سہیل ، محمد وقار، محمد شاہ زیب اور احتشام شامل ہیں۔ تین آفیشلز بھی ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔