Time 30 جولائی ، 2022
پاکستان

جیو نیوز کے ملازمین بھی برساتی پانی اور سیوریج سے مشکلات کا شکار

ملک میں حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور مسائل سے دنیا بھر کو آگاہ کرنے والے جیو نیوز کے ملازمین بھی برساتی پانی اور سیوریج سے مشکلات کا شکار ہیں۔

کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر جیو نیوز کی مرکزی عمارت کے اطراف کی سڑکوں اور گلیوں پر سیوریج کا پانی جمع ہے۔

اولڈ سٹی ایریا سے جیو نیوز کے دفتر آنے والے محمد بن قاسم روڈ پر گزشتہ دو ہفتے سے ایک فٹ تک پانی جمع ہے۔ برساتی پانی اور سیوریج کی وجہ سے محمد بن قاسم روڈ پر پارکنگ نہیں کی جا سکتی جبکہ محمد بن قاسم روڈ سے گزرنے والے شہریوں اور گاڑی سواروں کو دشواری کا سامنا ہے۔

جیو نیوز کی عمارت کے سامنے برنس گارڈن کی آبادی کی معروف "بیگم گلی" فوڈ اسٹریٹ بھی سیوریج سے تعفن زدہ ہوگئی ہے۔ حیرت انگیز طور پر ایسے میں اسی فوڈ اسٹریٹ پر تعفن زدہ ماحول میں گرماگرم پوری کے ناشتے سے شروع ہونے والا دن دوپہر کے مزے دار لنچ سے ہوتے ہوئے رات کو ڈنر میں اختتام پذیر ہوتا ہے۔

بدبودار سیوریج کے پانی کے درمیان کھڑے ہوکر دودھ کی لسی اور فروٹ کا جوس پینا سب کی مجبوری بن چکا ہے۔

آئی آئی چندریگر روڈ پر گٹروں سے نکلنے والا سیوریج کا پانی سڑک کو سیراب کرتے ہوئے دوسرے گٹروں میں گر رہا ہے۔ آئی آئی چندریگر روڈ پر جمع سیوریج کے پانی میں مچھروں کی افزائش بھی ہورہی ہے۔ علاقے میں بدبو ایسی کہ پورا علاقہ سیوریج پمپنگ اسٹیشن محسوس ہوتا ہے۔ 

یہی نہیں اطراف کی گلیوں کے بھی گٹر بند ہیں اور پانی گلیوں میں گھومتا ہوا دوسرے گٹروں کے راستے نکل جاتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ علاقے کے جمعدار گٹر کھولنے کیلئے دکانداروں اور علاقہ مکینوں سے پیسے مانگ رہے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی شاہین کمپلیکس پر 72 انچ قطر کی سیوریج پائپ لائن بیٹھ جانے سے مزید مشکلات کے خدشات منڈلا رہے ہیں۔

مزید خبریں :