19 نومبر ، 2012
ممبئی … انتہا پسند ہندو رہنما بال ٹھاکرے پر سوال اٹھانا دو بھارتی لڑکیوں کو مہنگا پڑگیا، پولیس نے گرفتار کرلیا۔ 21 سالہ لڑکی نے فیس بک پر سوال اٹھایا تھا کہ بال ٹھاکرے کی آخری رسومات پر ممبئی شہر کیوں بند تھا؟ جسے ایک اور لڑکی نے پسند کیا، ممبئی پولیس نے فیس بک پر تبصرہ کرنے اور اسے پسند کرنے والی لڑکیوں کو گرفتار کرلیا۔ شیو سینا کے سربراہ بال ٹھاکرے کی آخری رسومات گزشتہ روز ادا کی گئی اس موقع پر ممبئی شہر کو سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کردیا گیا تھا۔ بھارتی صحافی وجے ودروہی کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو اشتعال انگیزی پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا جنہیں بعد میں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیس بک پر سوال اٹھانے والی لڑکی کے انکل کے اسٹو پر شیو سینا کے ہزاروں کارکنوں نے دھاوا بول دیا اور دکان پر کافی توڑ پھوڑ بھی کی، جس کے بعد پولیس نے معاملہ بگڑنے کے خدشے کے پیش نظر لڑکیوں کو گرفتار کیا تھا۔