سیاست کبھی اتنی نہیں گِری تھی، جتنی آج گِری ہے: خواجہ آصف

شہیدوں کو سیاسی موضوع بنانا اچھی بات نہیں، ایک شخص اقتدار چلے جانے پر اداروں پر حملہ آور ہے: وزیردفاع— فوٹو: فائل
شہیدوں کو سیاسی موضوع بنانا اچھی بات نہیں، ایک شخص اقتدار چلے جانے پر اداروں پر حملہ آور ہے: وزیردفاع— فوٹو: فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کچھ لوگ اداروں پر الزامات لگا کر دشمن کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، سیاست کبھی اتنی نہیں گِری تھی ، جتنی آج گِری ہے ۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ ہیلی کاپٹر حادثے پر کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا پر مہم چلائی، دفاعی اداروں کے خلاف مذموم مہم قابل مذمت ہے، کچھ لوگ اداروں پرالزامات لگاکر دشمن کے ایجنڈے پر کام کررہےہیں اور سوشل میڈیا پرمنفی مہم چلانےوالوں کی کچھ لوگ سرپرستی کرتےہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ سیاست کبھی اتنی نہیں گری تھی، جتنی آج گری ہے، رنج و غم کا اپنا ایک تقدس ہوتا ہے، یہ سیاست نہیں یہ کچھ اور چیز ہے، شہیدوں کو سیاسی موضوع بنانا اچھی بات نہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ ہمارا دشمن جو ہمیشہ ہمارے خلاف موقع کی تاک میں رہتا ہے اسے اب جنگ کی ضرورت نہیں، ہمارے اندر ایسے لوگ آ گئے ہیں جو اداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، ان لوگوں نے جنہوں نے ٹوئٹس کیے ان کی باقاعدہ مالی سرپرستی کی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری دانست میں تمام حدیں کراس کی گئی ہیں، سوشل میڈیا پرغیراخلاقی زبان کا استعمال تشویشناک ہے، ایک شخص نے رواداری کی سیاست کو ختم کیا، شہدا  کسی کے بیٹے،کسی کے بھائی ہوتے ہیں،ان کے اوپر کیا گزرتی ہوگی؟  یہ کیسا کلچر فروغ دیا جا رہا ہے جو ملک اور معاشرے کو تباہ کر دے گا، ایک شخص اقتدار چلے جانے پر اداروں پر حملہ آور ہے۔

مزید خبریں :