18 فروری ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ بلوچستان پر قرار داد کو ملکی معاملات میں براہ راست مداخلت سمجھتے ہیں، امریکی کانگریس میں قرار داد سے متعلق امریکا سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرادیا ہے، پاکستان قومی سلامتی اور خود مختاری کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی صفوں میں بھی ایسے عناصر تلاش کرنے چاہئیں جو ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بنتے ہیں۔ رحمان ملک نے کہا ہے کہ بلوچستان ہمارا مضبوط یونٹ ہے اور وہاں کے عوام بھی پاکستان سے محبت کرتے ہیں، بلوچستان میں حالات اتنے خراب نہیں ہیں جتنے بتائے جا رہے ہیں، اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کے لوگ پاکستان کے بڑے وفادار ہیں۔