23 اگست ، 2022
کراچی: اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں 2 ڈاکوؤں نے بینک کے باہر موجود پیٹرول پمپ کے عملے سے 36 لاکھ روپے چھین لیے۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 5 ای میں شاہراہ اورنگی پر بینک کے باہر ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں 2 نامعلوم ملزمان پیٹرول پمپ کے مینیجر سے 36 لاکھ روپے چھین کر فرارہوگئے۔
واقعے کا مقدمہ پیٹرول پمپ کے مینیجر منور کی مدعیت میں پیرآباد تھانے میں درج کرلیا گیا جس میں کہا گیا ہےکہ پمپ کا مینیجر اپنے ملازم کے ساتھ موٹر سائیکل پر 36 لاکھ روپے لے کر نکلا جسے بینک کے باہر موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے روکا اور اسلحہ کے زور پر رقم چھین لی۔
کچھ روز قبل اسی طرح کی واردات ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی ہوئی جس میں 4 ملزمان پیٹرول پمپ مینیجر سے بینک کے باہر سے 80 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے تھے۔