23 اگست ، 2022
پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ اکرم ساہی کا کہنا ہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) بدقسمت ہے، وہ یہ بھی نہیں کہہ سکتی کہ ہماری فیڈریشن نے کامن ویلتھ گیمز اور اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں گولڈ میڈلز جیتے ہوئے ہیں کیونکہ پی او اے نے ہمیں معطل کیا ہوا ہے۔
لاہور میں اولمپیئن ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پی او اے کی جانب سے معطلی کے باوجود ہم نے اپنا کام جاری رکھا، ہم نے کام نہیں چھوڑا، ہم نے کھلاڑیوں مواقع دیے اور آج ہم فخر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے میڈلز جیتے ہیں، ملک کا نام روشن کیا ہے ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن تو بدقسمت ہے وہ کہہ بھی نہیں سکتی کہ ہماری فیڈریشن نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معطل کرنے والوں کو سوچنا چاہیے کہ معطل کرنے والے کامیاب ہیں یا معطل کیے جانے والے کامیاب ہیں جنہوں نے میڈل جیتا ہے۔
اکرم ساہی نے کہا کہ ارشد ندیم کو پی او اے نے کیا انعام دیا ہے؟ کیا یہ انعام ہے کہ ان سے تحریری جواب طلب کیا جائے ؟ارشد ندیم نے اپنی فلائٹ تبدیل کی تاکہ لاہور آ سکے جہاں ان کے والدین آ رہے تھے تو فلائٹ تبدیل کرنے پر ارشد ندیم سے جواب طلب کر لیا جاتا ہے۔
اکرم ساہی نے کہا کہ ارشد ندیم کے کوچ کا ایکریڈیٹیشن نہیں کرایا جاتا جو کہ ان کی ذمہ داری ہے، میں تو انہیں کہوں گا جو کام کرنا چاہتا ہے خدارا اسے کام کرنے دیں ، آپ اپنی طرف سے آئی او سی بنے بیٹھے ہیں جیسے پاکستانی ہی نہ ہوں۔
صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن نے کہا کہ ارشد ندیم اس وقت دنیا کے نمبر ون ایتھلیٹ ہیں، انہوں نے اولمپک اور ورلڈ چیمپیئن سے زیادہ تھروکی ہے، ہم نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کا ایتھلیٹ دنیا کا نمبر ون ایتھلیٹ بن سکتا ہے ، اب اولمپکس اور دیگر انٹر نیشنل مقابلوں پر فوکس ہے۔