29 اگست ، 2022
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پی ٹی آئی رہنما شوکت ترین کی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے خزانہ سے ہوئی گفتگو کی لیک آڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے گری ہوئی حرکت کی ہے جس کا آرکیٹیکٹ شوکت ترین ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان ڈوب رہا ہے، اس وقت اللّٰہ کے بعد جو آسرا ہے وہ آئی ایم ایف کے پروگرام کے تحت ہے، شوکت ترین نے محسن لغاری، تیمور جھگڑا کو فون کیا، اسد عمر اس کا دفاع کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محسن لغاری نے شوکت ترین سے پوچھا تھا کیا اس سے ملک کو نقصان ہوگا، محسن لغاری کے سوال پر شوکت ترین نے آئیں بائیں شائیں کی، اس لیے سیاستدان بنے تھے؟ ریکارڈنگ چل رہی ہے، اللّٰہ رسول کا خوف کرو، پاکستان کے ساتھ یہ کررہے ہو۔
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ کیا عمران خان کی حکمرانی کی ہوس پر پاکستان کی بلی چڑھا دیں؟ کیا چیئرمین پی ٹی آئی پاکستان سے بڑے ہوگئے ہیں؟ کیا پاکستان کا نام بنی گالہ رکھ دیں؟ ان کو شرم نہیں آئی، ایک دن پہلے اس کی روداد فواد چوہدری بتا چکا تھا۔
'حکومت لینے سے پہلے شہباز شریف کو کہاتھاملک دیوالیہ ہوچکا'
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت لینےسے پہلے میں نے شہبازشریف کو کہا تھا کہ ملک دیوالیہ ہوچکا، یہ لوگ پاکستان کو دیوالیہ پن پر لےگئے، آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکےتوڑا، آج یہ بات طے ہوگئی کہ مفتاح اسماعیل جو کہہ رہا تھا وہ درست تھا، ہم نے اس ملک کو دیوالیہ ہونےسے بچایا، سیاسی کیپٹل کو داؤ پر لگایا، انہی کا پروگرام میں نے آئی ایم ایف سے اٹھایا۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے سیلز ٹیکس آج بھی زیرو رکھا ہے ،آج میں قیمتیں بڑھاتا ہوں تو شوکت ترین اور اسدعمر تنقید کرتے ہیں، میری اپنی پارٹی کے لوگ بھی مجھ پر تنقید کرتے ہیں، ہم اپوزیشن میں بھی ملک کو دیوالیہ نہیں ہونے دیں گے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک کے ساتھ یہ حرکت کررہے ہیں، سیاست کے لیے ہر چیز قربان کردیں گے؟ عمران خان نے اقتدار میں آکے کیا تیر چلایا،ان کو پاور میں آنے کی کیا ضرورت ہے، انہوں نے 10 سال میں جھوٹ بولنے کے علاوہ کے پی میں کیا کیا ہے؟
وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ ملک کے خلاف سازش کرتے ہو، شرم آنی چاہیے، آپ تمام حدیں پار کرچکے ہیں، شوکت ترین نے آڈیو میں کہا کہ عمران خان سے بات ہوئی ہے، کیا میرے اکیلے کا پاکستان ہے؟ تمہارا نہیں ہے؟ کیا تمہارا پاکستان نہیں ڈوبے گا ؟