دنیا
Time 29 اگست ، 2022

طالبان حکام روس سے پیٹرول اور گندم کی خریداری کےمعاہدے کے قریب پہنچ گئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کابل: طالبان حکام روس سے پیٹرول اور گندم کی خریداری کا معاہدہ کرنےکے قریب ہیں۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ترجمان افغان وزارت اقتصادیات حبیب الرحمان حبیب نے تصدیق کی ہے کہ افغان وزارت تجارت کا  وفد روسی دارالحکومت ماسکو میں موجود ہے۔

 ترجمان کے مطابق افغان وفد گندم،گیس اور پیٹرول کی فراہمی کے معاہدوں کو حتمی شکل دے رہا ہے۔

 ترجمان کا کہنا ہےکہ روس اور افغانستان کے درمیان معاہدے کے متن پر کام کیا جارہا ہے، پیٹرول اور بینزین (کیمیکل) پر دونوں ممالک متفق ہو چکے ہیں، توقع ہے روس سے  معاہدوں کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔

 خبر ایجنسی کے مطابق افغان وزارت اقتصادیات کے ذرائع نے بتایا ہےکہ ان کے تکنیکی حکام اور وزارت خزانہ کے نمائندے ماسکو میں موجود ہیں۔

خیال رہےکہ رواں ماہ افغان وزراء کے وفد نے ماسکو کا دورہ کیا تھا جس کے بعد یہ معاہدہ ہونے جارہا ہے۔

دوسری جانب روسی وزارت خارجہ اور توانائی کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ روس سمیت دنیا کےکسی ملک کی جانب سے طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا گیا ہے اور افغانستان کے مرکزی بینک پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے کوئی بینک افغان بینکوں سے لین دین پر تیار نہیں جس کی وجہ سے افغانستان کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق افغان حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہےکہ ان کے پاس روس کو رقم کی ادائیگی کا منصوبہ ہے تاہم انہوں نے اس حوالے سے تفصیلات دینے سے انکار کیا ہے۔

مزید خبریں :